ڈاکووں کیخلاف غیر معمو لی دلیری کا مظاہرہ کرنے والی خاتون کو رینجرز کی اعزازی شیلڈ پیش کی 

 
0
779

کراچی ،دسمبر 26 (ٹی این ایس):ڈی جی رینجرز سندھ نے دلیری کا مظاہرہ کرکے ملزمان کو گرفتار کرانے میں مدد کرنے والی خاتون اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات میں انہیں رینجرز کی اعزازی شیلڈ پیش کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مورخہ22دسمبر2017 کو گلشن حدید میں اپنے ساتھ پیش آنے والی اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران جرات اور بہادری کی مثال قائم کر تے ہوئے فیڈرل بی ایریا کراچی کی رہائشی خاتون مریم نادر نے دلیری کے ساتھ اپنی کار میں ملزمان کا تعاقب کیا اور ایک فاصلے پر جا کر گاڑی ملزمان کی موٹر سائیکل سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں دونوں ڈکیت زخمی ہو کر گر پڑے جنہیں بعدمیں اہل علاقہ نے پولیس کے حوالے کر دیا۔

خاتون کی اس جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ڈی جی رینجرز (سندھ)نے منگل کو رینجرز ہیڈ کوارٹر ز میں مریم نادر اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں رینجرز کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ ڈی جی رینجرز نے اس موقع پر کہا کہ خاتون کا یہ جرات مندانہ قدم ہم سب کے لیے ایک مثال ہے۔ اس موقع پرمریم نادر اور ان کے اہل خانہ نے بھی ڈی جی رینجرز کی طرف سے عزت افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔