فشر فوک فورم کے چئیرمین محمد علی شاہ کے اغوا ء اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے 

 
0
371

کراچی ،دسمبر 26 (ٹی این ایس): پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ اور ضلع سجاول کے صدر نور محمد تھیمور سمیت 4 افراد کو تعلقہ شاہ بندرکی یونین کونسل لاڈیوں کی حدود سے محکمہ ماہی گیری کے صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کے بھائی بااثر وڈیرے شوکت علی ملکانی کے مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا اور تشدد کے واقعہ کے بعد گذشتہ روز سندھ کے مختلف اضلاع ٹھٹہ، سجاول، بدین، سانگھڑ، حیدرآباد، جامشورو سمیت کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے میں کراچی کی مختلف ماہی گیر بستیوں سے سینکڑوں ماہی گیروں سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ، ضلع سجاول کے صدر نور محمد تھیمور، مرکزی رابطہ سیکریٹری گلاب شاہ، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری طالب کچھی سمیت دیگر نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین کے ہاتھوں میں احتجاجی بینر اور پلے کارڈ تھے جن پر ماہی گیر رہنماؤں کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے کیخلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرین وڈیرے شوکت علی ملکانی کو گرفتار کرو، جھیلوں پر قبضہ نامنظور، عدالتی توہین نامنظور، ماہی گیر رہنماؤں پر تشدد نامنظور، وڈیروں کی غندہ گیری بند کرو، وڈیروں کیخلاف قانونی کاروائی کرو، ماہی گیروں کو روزگار کا حق دو جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

اس موقع پراحتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ نے کہا کہ جھیلوں پر قابض وڈیروں کے حملے، تشدد، اغوا اور دبدبے انہیں حراساں نہیں کرسکتے اور ان کے حوصلے ہمیشہ کی طرح بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سجاول کے تعلقہ شاہ بندر کے حدود میں آباد ماہی گیروں کے قدیمی روزگار کے وسائل بابلی جھیل پر محکمہ ماہی گیری کے صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کے بھائی بااثر وڈیرے شوکت علی ملکانی نے اپنے مسلح افراد سمیت قبضہ قائم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے سندھ کی تمام جھیلوں سے وڈیروں، جاگیرداروں اور بااثر افراد کے قبضوں کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود بھی شیطان صفت وڈیرے جھیلوں پر قبضوں کے عمل میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظالم وڈیرے اور جاگیردار ماہی گیروں کے بچوں کے مُنہ سے نوالہ چھین کر یزیدیت کا ثبوت دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے ہمیشہ کی طرح بلند ہیں اور ماہی گیروں کی جدوجہد کا علم کبھی بھی ظالم وڈیروں اور قبضہ گیروں کے سامنے نہیں جھکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فشر فوک فورم کے پلیٹ فارم سے جھیلوں پر غیر قانونی قبضوں کیخلاف جدوجہدحتمی عمل تک جاری رہے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ پولیس، ڈی جی رینجرز و دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ جھیلوں پر قبضہ کرنے والے وڈیروں کا ساتھ دینے والے صوبائی وزیر فشریز محمد علی ملکانی کو اپنے عہدے سے ہٹا کر ان کے بھائی شوکت علی ملکانی کو گرفتار کیا جائے، بصورت دیگر جدوجہد کا دائرہ وسیع کر کے سی ایم ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائیگا۔