بینظیر بھٹو شہید کا یوم شہادت جمہوریت کیلئے عظیم قربانی کے دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، خورشید شاہ

 
0
1281

اسلام آباد ، دسمبر 27 (ٹی این ایس) : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا یوم شہادت جمہوریت کیلئے عظیم قربانی کے دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ سابق وزیراعظم کی شہادت کی دسویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تاریخ ملک میں جمہوریت کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ اور قوم گواہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور ورکروں نے نہ صرف ملک میں جمہوریت کی آبیاری کی بلکہ اس راہ میں بے پناہ قربانیاں بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آمریت کے خلاف جدوجہد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی بہادر بیٹی کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں، ہماری بہادر لیڈر نے مایوسی کی صورتحال میں قوم کو حوصلہ اور اعتماد دیا اور انہیں آمریت کے اندھیروں سے جمہوریت کی روشنی سے متعارف کرایا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے پیروکار بننے پر فخر ہے جنہوں نے ہمیں جمہوریت اور آمریت کے درمیان فرق سمجھایا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی راہ پر چلتے ہوئے ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔