پیپلزپارٹی سانحہ ماڈل ٹاؤن پر طاہرالقادری کے ساتھ کھڑی ہے ٗخورشید شاہ

 
0
278

سکھر دسمبر 27(ٹی این ایس) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سانحہ ماڈل ٹاؤن پر طاہرالقادری کے ساتھ کھڑی ہے۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا وفد طاہرالقادری کی اے پی سی میں شرکت کریگا جبکہ اے پی سی سے پہلے آصف زرداری اور طاہرالقادری کی دوبارہ ملاقات ہوگی۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ طاہرالقادری کے ساتھ پہلی بار نہیں بیٹھے ٗپیپلزپارٹی اور طاہرالقادری عوامی اتحاد اور جی ڈی اے میں اتحادی رہ چکے ہیں۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی سانحہ ماڈل ٹاؤن پر طاہرالقادری کے ساتھ کھڑی ہے، ہم پر تنقید کے بجائے حکمران ماڈل ٹاؤن شہدا کو انصاف کیوں نہیں دیتے۔بعد ازاں خورشید شاہ نے شہید بے نظیر بھٹو کی دسویں برسی پر اپنے بیان میں کہا کہ جمہوریت کیلئے بی بی کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی، پیپلز پارٹی قیادت اور کارکنوں نے بے مثال قربانیاں دیں، قربانیاں دے کر ملک میں جمہوریت کا پودا لگایا اور پروان چڑھایا، شہید محترمہ نے ملک میں معاشرتی اور سیاسی استحکام پیدا کیا تھا، وقت کے ساتھ عوام محترمہ کے وژن سے مزید مستفید ہوں گے،27دسمبر کا دن جمہوریت کیلئے عظیم قربانی کی علامت کا دن ہے۔