عرب اتحاد کے فضائی حملے،حوثی ملیشیا کے دسیوں جنگجو ہلاک

 
0
349

صنعاء دسمبر 28(ٹی این ایس)یمن کے شمالی صوبے الجوف میں سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں کے فضائی حملوں میں دسیوں حوثی جنگجو ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔یمنی فوج کی ویب سائٹ نے میدان جنگ میں موجود ایک ذریعے کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ صوبے کے شمال میں نظامت مطعون میں حام کیمپ میں واقع حوثی ملیشیا کے اسلحہ کے ڈپوؤں اور فوجی تنصیبات کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔اس ذریعے نے فضائی بمباری سے حوثی ملیشیا کے بیسیوں جنگجوؤں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے اور اس کی متعدد بھاری گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔ان فضائی حملوں میں حوثیوں کے ایک تربیتی کیمپ میں موجود متعدد جنگجو عناصر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ کیمپ حوثی لیڈر عبدالکریم الحوثی کے زیر قیادت ہے اور یہ الجوف کی دو نظامتوں بر المراشی اور حرف سفیان کے درمیان وادی صدا مضب میں واقع ہے۔یمنی فوج نے گذشتہ چند روز کے دوران میں عرب اتحاد کے فضائی حملوں کی مدد سے سعودی عرب کی سرحد کے ساتھ واقع صوبے الجوف کے بہت سے علاقوں کو حوثی باغیوں سے آزاد کرا لیا ہے۔فوج نے تزویراتی اہمیت کے حامل عجشر کیمپ پر بھی دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔