دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے‘صدر آزاد کشمیر

 
0
12362

اسلام آباد دسمبر 28(ٹی این ایس) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں قابض ہندوستانی افواج کے ہاتھوں بین الاقوامی انسانی قوانین کی سرعام خلاف ورزی کرنے اور ان کا مذاق اڑانے سے روکے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ممبر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرشید ترابی سے ملاقات کے دوران کیا۔ جنہوں نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں صدر سے ملاقات کی، اور انہیں اپنے حالیہ دورہ یورپ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

عبد الرشید ترابی نے صدر کو اپنے حالیہ دورہ یورپ اور OICکے چیئرمین، ترکی کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین اور اٹلی و یورپ کی دیگر پارلیمانی کمیٹیوں کے ارکان سے اپنی ملاقاتوں اور مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں کی جانے والی اپنی گفتگو کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صدر نے کہا کہ ہمیں بیرون ملک مکین پاکستانی اور آزاد کشمیر کے لوگوں کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے ان ممالک کے پارلیمنٹرینز کو کشمیر کاز کے حق میں موثر آواز اٹھانے کے لیے تیار کرنا ہو گا۔ ہمیں بین الاقوامی برادری کو کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال سے روشناس کراتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنا ہوگا۔ صدر نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، اور ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ لیکن ان مظالم سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نہیں کچلا جا سکتا، اور یہ اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچے گی۔ صدر سے پاک یورپین فاؤنڈیشن کے ایک اور وفد نے ملاقات کی۔ جس کی قیادت مسٹر پرویز اقبال لوسر کر رہے تھے۔ وفد نے صدر کو یورپی ممالک میں مکین پاکستانی و کشمیر کمیونٹی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وفد میں مسٹر پرویز اقبال لوسر آف برسلز کے علاوہ سلیم پرویز بٹ آف جرمنی، چوہدری غلام احمد آٖ ف سویڈن، فیصل ندیم آف بیلجم اور آدم غلام آف سویڈن شامل تھے۔ صدر نے پاکستان یورپین فاؤنڈیشن کے عہدیدارن کے جذبے، عزم صمیم اور ان کی کاوشوں کی تعریف کی، جو وہ کشمیر کے سلسلے میں یورپی ممالک میں کر رہے ہیں۔