ٹی وی سکرین پر بیٹھ کر بیان دینے سے قاتل بیگناہ ثابت نہیں ہو جاتا،مشرف بینظیر بھٹو،آئین کا قاتل اور بھگوڑا ہے‘ پیپلز پارٹی

 
0
603

لاہور دسمبر 28(ٹی این ایس) پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ مشرف بینظیر بھٹو،آئین کا قاتل اور بھگوڑا ہے،مشرف بتاؤ بینظیر کے علاوہ سانحہ لیاقت باغ کے دیگر شہدا کے پوسٹ مارٹم کس کے حکم پر نہیں ہوئے،سکیورٹی کس کے حکم پر ہٹائی گئی،موقعہ واردات کس کے حکم پر دھویا گیا،بھگوڑے مشرف گیدڑوں کو طرح دبئی میں دبک کر کیوں بیٹھے ہو،خود کو مرد سمجھتے ہو تو واپس آؤ اور عدالتوں کا سامنا کرو۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے پرویز مشرف کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی کی سکرین پر بیٹھ کر بیان دینے سے قاتل بیگناہ ثابت نہیں ہو جاتا،محترمہ بینظیر ایک عورت ہوکر بھی خود کو کمانڈو کہنے والے سے زیادہ بہادر تھیں،بینظیر دھمکیوں اور بار بار بم حملوں کے باوجود ملک میں رہیں،کمانڈو کی کمر تو ایک عدالتی نوٹس پر ہی ٹوٹ گئی اور ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف تم نے بینظیر بھٹو کو دھمکی آمیز فون کئے اور کارساز اور لیاقت باغ میں حملے کروائے، کل تک بینظیر کو وطن واپس آنے سے روکنے والا آج خود جلاوطنی اور دربدر ہے۔مشرف اور طالبان کا گٹھ جوڑ پوری دنیا جانتی ہے،مشرف نے طالبان کو مضبوط کیا ان سے دنیا کو ڈرا کر اپنے اقتدار کو طول دیا،مشرف بینظیر بھٹو قتل اور بغاوت کے مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے وطن واپس آئے ورنہ وطن کی مٹی کو ترسے گا۔پی پی پی مطالبہ کرتی ہے کہ ریڈ وارنٹ جاری اور گرفتار کر کے بھگوڑے آمر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔