چیئر مین نیب نے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں الاٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر قومی خزانے کو کروڑوں کے نقصان کا نوٹس لے لیا

 
0
361

اسلام آباد دسمبر 30(ٹی این ایس)گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں انڈسٹریل اور کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان کا قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب سے نوٹس لے لیا۔

ہفتہ کو جاری ایک بیان میں کہاگیا کہ گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈوپلمنٹ اتھارٹی جیڈا نے بلوچستان کی معاشی ترقی داؤ پر لگا دی،جیڈا انڈسٹریل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بجائے اسٹیٹ ایجنسی بن گئی، حقیقی سرمایہ دار نظر انداز کرتے ہوئے کمرشل پلاٹس عزیز و اقارب اور من پسند افراد میں بانٹ دئیے گئے، نیب نے انڈسٹریل اور کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان کا نوٹس لے لیا۔

ریکارڈ کے معائنے سے پتہ چلا ہے کہ گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈوپلمنٹ اتھارٹی میں کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے قواعد و ضوابط کویکسر نظر انداز کیا گیا، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈوپلمنٹ اتھارٹی کے افسران و دیگر ملازمین نے سہولت کاروں کی مدد سے من پسند افراد اور عزیز و اقارب میں پلاٹوں کی بندر بانٹ کی۔

علاوہ ازیں الاٹمنٹ کے حوالے سے ضنعت کار ہونے کی شرط کو ملحوظِ خاطر نہ رکھتے ہوئے فائلوں کی فروخت کے ذریعے بڑے پیمانے پر خرد برد کی، اور معیار پر پورا اُترنے والے صنعت کاروں اور اہل درخواست دہندگان کی درخواستوں کو ردی کی ٹوکری کی نظر کرتے ہوئے ذاتی پسند نہ پسند کی بنیاد پر الاٹمنٹ کر کے قومی خزانے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جناب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو معاشی سرگرمیوں کی راہ میں کرپشن کے ذریعے روڑے اٹکانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتاہے، پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان میں معاشی سر گرمیوں کا فروغ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، گوادر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے حقیقی سرمایہ کاروں کا یہ حق ہے کہ انہیں قوائد و ضوابط کے مطابق سرمایہ کاری کا موقع دیا جائے۔ گوادر کی معاشی ترقی کرپٹ عناصر کی ذاتی فوائد کی نظر نہیں ہونے دینگے، کرپشن کے ذریعے گوادر کی معاشی ترقی کو داؤ پر لگانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔