پاکستان سپر لیک کے تیسرے ایڈیشن کیلئے تمام فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز مکمل کر لئے

 
0
5626

لاہور دسمبر 30(ٹی این ایس) پاکستان سپر لیک کے تیسرے ایڈیشن کے لئے تمام فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز مکمل کر لئے، لاہور قلندرز نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے سلمان ارشاد جبکہ سلور کٹگری میں عمران خان جونیئر کا انتخاب کیا۔پاکستان کے لیے 12 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے 28 سالہ شان مسعود کو ملتان سلطانز نے سلور کیٹیگری میں منتخب کیا۔پی ایس ایل کے اب تک کے دونوں ایڈیشنز میں فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد جنید کو اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔

انہیں کوئٹہ میں ہونے والے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران تلاش کیا گیا تھا۔16سالہ جنید مئی 2002ء میں پیدا ہوئے تھے اور اگر پی ایس ایل کھیلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو ٹورنامنٹ کھیلنے والے کم عمر کرکٹر ہوں گے۔ جنید انڈر 19 ٹیم کے لیے بطور اضافی کھلاڑی بھی منتخب کیے گئے ہیں۔پشاور زلمی نے بنو سے تعلق رکھنے والے 22سالہ خوش دل شاہ کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ خوش دل خان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔

سابق چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے 16 سالہ روحیل نظیر کو اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ روحیل ان دنوں پاکستان کی انڈر19 ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا میں موجود ہے جس کے بعد وہ نیوزی لینڈ میں عالمی کپ کھیلنے جائیں گے۔اس کے علاوہ کراچی کنگز نے ایمرجنگ کیٹیگری میں محمد طحہ کا انتخاب کیا ہے جبکہ مشتاق احمد کلہوڑو کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جنہیں فرنچائز نے اپنے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں تلاش کیا تھا۔