تبدیلی کے اعتبار سے 2018  پاکستانی تاریخ میں سب سے زیادہ ولولہ انگیز سال ہوگا، عمران خان کا اظہار امید

 
0
420

اسلام آباد، جنوری  01 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نئے سال کی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں امید ظاہر کی ہے کہ 2018 پاکستان کو عظیم ملک اور تمام شہریوں کے لیے خوشحال بنائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عمران خان نے لکھا کہ ان کے خیال میں 2018 پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ولولہ انگیز سال ہوگا کیوں کہ قوم تبدیلی کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہے جبکہ انصاف اور قانون کی حکمرانی سے کرپٹ مافیا کا خاتمہ ہورہا ہے۔

 

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آنے والا سال اس ملک کو عظیم اور تمام شہریوں کے لیے خوشحال بنائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 2017 کے اختتام پر ہمیں بحیثیت قوم اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کیوں کہ یہ وہ سال ہے جس نے ہمیں انصاف کے لیے امید دی اور سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کی بدولت کرپٹ مافیا اور طاقتوروں کو قانون کے دائرے میں لایا جاسکا۔

انہوں نے کہا کہ ’’کرپٹ مافیا کے بے نقاب ہونے پر مایوس نواز شریف نے مجھے کیوں نکالا کا رونا شروع کیا‘‘۔