وفاقی کابینہ کا اجلاس کل، اقتصادی معاشی صورتحال سمیت سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

 
0
378

اسلام آباد، جنوری 01 (ٹی این ایس): وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کل ہوگا جس میں ملکی اقتصادی معاشی صورتحال سمیت سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات سے متعلق بیان کا معاملہ بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی، پرتگال، مصر اور بوسنیا کی حکومتوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی یاداشتوں کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔

پاکستان اسٹون ڈیولپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو، کراچی سے کابل ممنوعہ گاڑیوں کے 51 پارٹس کے کنٹیرز کو جانے کی اجازت، آرٹ اینڈ کلچر بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیرمین آغا جان اختر کی مدت ملازمت کی توسیع کی سمری ایجنڈے میں شامل ہے۔

مردم شماری کے عبوری نتائج حلقہ بندیوں کے لئے استعمال کرنے کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ ہے جس کی منظوری کے بعد مردم شماری کے عبوری نتائج الیکشن کمیشن کو بھجوائے جائیں گے۔