امریکی صدر کے بیان پر سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے ٗ 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعویٰ بے بنیاد ہے ٗوزیر خارجہ

 
0
344

اسلام آبادجنوری 4(ٹی این ایس)وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیان پر سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے ٗ 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعویٰ بے بنیاد ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمنٹ کی مشترکہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی انتظامیہ نے پاکستان کے بارے میں حقائق کو نظرانداز کیا ٗ افغانستان میں اپنی ناکامی کا ملبہ امریکا ہم پر نہ ڈالے، ہماری افواج، سیکیورٹی فورسز اور عوامی قربانیوں کی لامتناہی داستان ہے، ہم اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعویٰ بے بنیاد ہے، 4 سال سے دہائیوں کا ملبہ صاف کر رہے ہیں، ٹرمپ درحقیقت بھارتی زبان بول رہے ہیں، امریکی صدر کے بیان پر سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے جب کہ افغانستان کی جنگ پاکستان میں کسی صورت نہیں لڑ سکتے۔ ہم معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کے خواہاں ہیں، ہر معاملے میں ملکی مفاد، وقار اور سلامتی کے مطابق فیصلہ کریں گے۔