ایران میں بغاوت کو شکست دے دی گئی ہے‘ پاسداران انقلاب

 
0
36562

تہران جنوری 4 (ٹی این ایس)ایران کے پاسداران انقلاب کے سربراہ نے ملک میں جاری مظاہروں کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک میں بغاوت کو شکست دے دی گئی ہے۔پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے یہ اعلان اس وقت کیا جب حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف حکومت کے حق میں ہزاروں افراد نے جلوس نکالے۔حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جمعرات سے جاری ہے جس کے دوران سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی چھڑپوں میں 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ایران میں عوام کے گرتے ہوئے معیارِ زندگی اور کرپشن کے خلاف ہونے والے یہ احتجاج 2009 میں اصلاحات کے حق میں ہونے والی ریلیوں کے بعد سب سے بڑا عوامی احتجاج ہے۔میجر جنرل جعفری نے اعلان میں کہا ’آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ 96 کی بغاوت ختم کر دی گئی ہے‘ان کا اشارہ فارسی کیلینڈر کی طرف تھا جس کے مطابق رواں سال 1396 ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی کی تیاری اور لوگوں کی نگہبانی کے باعث دشمنوں کی شکست ہوئی اور تین صوبوں میں پاسداران انقلاب کے دستوں نے محدود پیمانے پر کارروائیاں کیں۔مظاہرے ہونے والی ہر جگہ پر 1500 افراد تھے اور ملک بھر میں مظاہرے کرنے والوں کی تعداد 15 ہزار سے زیادہ نہیں تھی۔میجر جنرل جعفری نے انقلاب مخالف ایجنٹوں، بادشاہت پسند قوتوں پر الزام عائد کیا۔دشمنوں نے ایران میں ثقافتی، معاشی اور سکیورٹی خدشات پیدا کرنے کی کوشش کی۔دوسری جانب ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملک کے دشمن اس احتجاج کو ہوا دے رہے ہیں۔حالیہ دنوں میں ایران کے دشمنوں نے رقم، ہتھیار، سیاست اور خفیہ اداروں سمیت مختلف ہتھکنڈوں کو ایران میں حالات خراب کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔ مظاہرے ہونے والی ہر جگہ پر 1500 افراد تھے اور ملک بھر میں مظاہرے کرنے والوں کی تعداد 15 ہزار سے زیادہ نہیں تھی۔تاہم پاسداران انقلاب کے سربراہ نے مظاہروں کا الزام سابق حکام پر عائد کیا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ میجر جنرل جعفری کا اشارہ سابق صدر محمود احمدی نژاد کی جانب تھا۔سرکاری ٹی وی چینل نے حکومت کے حق میں مظاہروں کو براہ راست دکھایا۔ جن شہروں میں حکومت کے حق میں مظاہرے کیے گئے ان میں کرمانشاہ، ایلام اور گرگان شامل ہیں۔حکومت کے حق میں نکالے جانے والے جلوسوں میں چند افراد نے ایران کے قومی پرچم اور آیت اللہ خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ایران کے شہر قم میں ریلی میں امریکہ کے خلاف نعرے لگائے گئے۔