یوایس ایڈ کی سرگرمیوں پر پابندی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

 
0
401

اسلام آباد جنوری 7(ٹی این ایس)یو ایس ایڈ کی سرگرمیوں پر پابندی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے- اسلام آباد بار ایسویسی ایشن کے ممبر محمد بلال ایڈوکیٹ نے سپریم کورٹ میں یو ایس ایڈ پر پابندی عائد کرنے کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی ہے جس میں انہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ یو ایس ایڈ کی ملک بھر میں سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ یو ایس ایڈ کی فنڈنگ سے چلنے والی این جی اوز پر بھی پابندی عائد کی جائے۔درخواست میں یو ایس ایڈ کے ساتھ ہونے والا معاہدہ منظر عام پر لانے اور یو ایس ایڈ کی سرگرمیوں کی چھان بین کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔سپریم کورٹ میں دائر ہونے والی اس درخواست میں پاکستانی وزارت داخلہ، دفاع اور خارجہ کے سیکرٹریوں کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ یو ایس ایڈ کا منصوبہ سٹیزن وائس پراجیکٹ بھی فوری بند کیا جائے کیونکہ اس منصوبے کے ذریعے پاکستانی عوام کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔ اس پراجیکٹ کا مقصدامریکی خفیہ اداروں کا سیاسی و انتخابی نظام میں گھسنا ہے۔ یو ایس ایڈ پاکستان میں بہت سی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے جن سے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔