کرپٹ ٹولہ کسی این آر او یا معافی کی امید نہ رکھے ، ان کا جانا ٹھہر گیا ہے ‘عبدالعلیم خان

 
0
8712

لاہور جنوری 7(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کو الیکشن کی نہیں کرپشن کا مال بچانے کی فکر ہے،اداروں پر ’’برائے فروخت‘‘ کا بورڈ نظر نہ آنے پر شریفوں کی بوکھلاہٹ صاف ظاہر ہے،اپنے ہر دور اقتدار میں وفاداریاں اور مینڈیٹ خریدنے والے لوہے کے تاجروں کو اب آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہورہا ہے عبدالعلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کرکے غیر ملکوں میں دولت کے انبار لگانے والے نواز شریف کے بیٹوں سے کرپشن کی کمائی کا حساب مانگا گیا تو کہا گیا کہ ان پر پاکستان کے قوانین کا اطلاق ہی نہیں ہوتا، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان ان کیلئے کمائی کا اڈہ اور اصل وطن غیر ملک ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ کرپشن کی کمائی سے اداروں کو خریدنے اور سیاسی بدمعاشی سے دباؤ میں لانے کے دن گزرچکے ہیں،لوٹ مار کا وزن اپنی اولادوں کے کندھوں پر لاد کر دوسروں کو لاڈلا ہونے کے طعنے دینے سے ان کی جان نہیں چھوٹے گی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلوچستان میں تبدیلی کا نقارہ بج چکا ہے۔