ذاتی مفادات کے شیطانی چکر میں پھنسی جمہوریت کو آزاد کرانا بہت بڑا چیلنج ہے ‘سراج الحق

 
0
6552

لاہور جنوری 7 (ٹی این ایس) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ذاتی مفادات کے شیطانی چکر میں پھنسی جمہوریت کو آزاد کرانا بہت بڑا چیلنج ہے ، جب تک جمہوریت افراد اور خاندانوں کے گرد گھومتی رہے گی ، عوا م کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ، عوام کی گردنوں پر سوار ایلیٹ کلاس جمہوریت اور سیاست کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھتی ہے ، جماعت اسلامی ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ ہم جمہوریت کے نام پر آمریت کو مسلط رکھنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، انتخابات طے شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق نہ ہوئے تو ملک سیاسی بحران سے دوچار ہوگا ، ملک کو سیاسی عدم استحکام سے بچانے کے لیے بروقت انتخابات ضروری ہیں مگر انتخابات پر گردو غباراور بے یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، سابق وزیراعظم کا اداروں سے لڑنے کا اعلان جمہوریت کے لیے بھی نقصان دہ ہے ، امریکہ کے لیے اپنے افغان بھائیوں کو دشمن نہیں بنائیں گے ۔ امداد کے لیے اپنی عزت و غیرت کا سودا نہیں کر سکتے، کاشتکاروں کو گنے کی قیمت مل رہی ہے نہ ان کے مطالبات پر کان دھرا جارہاہے تو پھر زراعت ترقی کیسے کرے گی ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے لندن کا دورہ مکمل کرنے کے بعد لاہور پہنچ کر منصورہ میں جماعت اسلامی یوتھ کی سپریم کونسل کے اجلاس سے خطاب اور جڑانوالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل اور سیکرٹری میاں عثمان جاوید بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام اشرافیہ کے مفادات کے گرد گھومتی جمہوریت میں پھنس چکے ہیں جمہوریت کے نام پر 70 سال سے آمریت مسلط ہے ۔ لینڈ ، شوگر اور ڈرگ مافیا نے اپنے جرائم کو چھپانے کے لیے سیاست اور مختلف پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔ کروڑوں اور اربوں خرچ کر کے اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے والے غیر قانونی دھندوں کو تحفظ دینے کے لیے اپنے اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہیں ۔ عوام جنہیں ووٹ دیتے ہیں ، پانچ سال تک انہیں جھولیاں اٹھا اٹھا کر گالیاں اور بد دعائیں دیتے ہیں ۔ عوام کواپنے پاؤں پر کلہاڑا مارنے کی روش ترک کرنا ہوگی ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک و قوم کو لٹیروں کے گروہ سے آزاد کرانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ان لٹیروں نے آج تک قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی اور عوام کو تعلیم ، صحت ، روزگار اور چھت جیسی بنیادی ضروریات سے محروم رکھا ۔ انہوں نے کہاکہ دو کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں اور 88 فیصد عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں جبکہ ظالم و ڈیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے اندرون اور بیرون ملک دولت کے انبار لگا لیے ہیں ۔ سرمایہ دار مزدوروں اور جاگیردارکا شتکاروں اور کسانوں کی محنت کا پھل کھارہے ہیں جبکہ محنت کشوں کے گھروں میں فاقے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کسانوں کو کھیت اور مزدوروں کو کارخانوں کی آمدن میں حصہ دار بنانا چاہتی ہے تاکہ انہیں عشروں سے جاری ظلم و جبر کے استحصالی نظام سے نجات دلائی جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نوجوانوں کو روزگار دیں گے اور جب تک روز گار نہیں ملتا ، ہم انہیں بے روزگاری الاؤنس دیں گے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں جماعت اسلامی واحد حقیقی جمہوری اور پروگریسو جماعت ہے جس کے ہر سطح کے باقاعدہ اور تسلسل کے ساتھ انتخابات ہوتے ہیں اور جس میں امیر غریب کی تمیز کیے بغیر جمہوری عمل کے ذریعے ذمہ داران کا انتخاب ہوتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ۔ عوام ملک میں ایک حقیقی جمہوری نظام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور آئندہ انتخابات میں دیانتدار اور اہل قیادت کا انتخاب کریں ۔