شریف برادران کا پرانا وطیرہ رہا ہے کہ صرف اپنے حق میں آنے والے فیصلوں کو ہی انصاف سمجھتے ہیں‘یاسمین راشد

 
0
361
لاہور جنوری 7(ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ شریف برادران کا پرانا وطیرہ رہا ہے کہ یہ صرف اپنے حق میں آنے والے فیصلوں کو ہی انصاف سمجھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کرپٹ مافیا ابھی حوصلہ رکھے ختم نبوت اور ماڈل ٹاؤن جیسے سنگین الزامات کڑے امتحان ہیں جن سے یہ کسی صورت بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو صادق اور امین قرار دیئے جانے کا فیصلہ نواز لیگ کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا ہے عمران خان کا اہل ہونا ایک بار پھر نواز شریف کا نا اہل ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا (ن)لیگ کو علم نہیں کہ جنگلہ بس اور اورنج لائن ٹرین سمیت پنجاب کے تمام منصوبے کرپشن اور لوٹ مار کی کھلی داستان ہیں جن کا جواب نواز لیگ کو ضرور دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ پنجاب حکومت کی ہر کمپنی کرپشن میں ملوث ہے عدالتوں میں کیس شروع ہو چکے ہیں اور اب ان کے پاس فرار ہونے کاکوئی راستہ نہیں بچا، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ چوروں اور لٹیروں کا ٹھکانہ جیل ہو گا دھاندلی کی پیدوار نواز لیگ کا ہر چمچہ بڑی سے بڑی گیدڑ بھبھکی لگانے کی کوشش کرتا ہے لیکن اب ان کا کوئی بس نہیں چلے گا اور کیے کا ہر حال میں حساب دینا ہوگا۔