نوازشریف کی سیاست کا المناک اور عبرتناک انجام ہوا ہے ،لیاقت بلوچ

 
0
347

لاہور جولائی 30(ٹی این ایس )جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی سیاست کا المناک اور عبرتناک انجام ہوا ہے ، حکمران جماعت سپریم کورٹ فیصلہ کی غلط تشریح کر رہی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے انہیں منی لانڈرنگ ، وسائل سے زیادہ اثاثے ، جھوٹ فریب ، حقائق چھپانے کے واضح ثبوت کے بعد نااہل قرار دیا ہے ۔ کراچی میں احتساب ریلی اور سوات میں جماعت اسلامی پنجاب کے لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے پاس سپریم کورٹ کا فیصلہ ماننے کے سوا کوئی آپشن نہیں ۔ ہم اس جمہوری رویے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔جمہوریت ، آئین اور آزاد عدلیہ کا تسلسل جاری رہنا قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ نوازشریف حکومت کا خاتمہ صر ف کرپشن نہیں اپنے اسلوب حکمرانی کی وجہ سے اللہ کی گرفت کی وجہ سے بھی ہوا ۔ مساجد ، مدارس ، علما ، خطیبوں پر کریک ڈاؤن ، ممتاز قادری کی پھانسی ، سود کی لعنت کا تحفظ ، اسلامی نظریہ کی بجائے سیکولرازم ، خود انحصاری کی بجائے کرپشن اور قرض کو فروغ ، پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ کو قومی منصوبہ کے بجائے ذاتی اور پارٹی منصوبہ میں تبدیل کرنے ، مسئلہ کشمیر پر مظلوم کشمیریوں کی مدد کی بجائے نریندر مودی سے تعلقات ، ڈا ن لیکس کو سیاسی تدبر کی بجائے صوابدیدی اختیار ات کی طاقت سے حل کرنا اللہ کی ناراضگی کا باعث بنا ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پنجاب کی سیاست ، اسٹیٹس کو اور روایتی زہریلی دھڑے بندی کی سیاست کا شکار ہے ۔ پنجاب کے علماء ، مشائخ ، طلبہ ، نوجوان ، خواتین ، کسانوں اور دینی قوتوں کو متحد کر کے پنجاب کی سیاست پر ذلت اور شرمندگی کے داغ مٹاناہوں گے ۔