نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے کیخلاف درخواست پر نوازشریف سے جواب طلب

 
0
476

اسلام آباد جنوری 9 (ٹی این ایس)اسلام آباد ہائیکورٹ نے نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے کے خلاف درخواست پر نوازشریف سے جواب طلب کرلیا۔سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے 28 جولائی کے فیصلے میں نوازشریف کو بطور رکن قومی اسمبلی نااہل قرار دیا جس کے بعد وہ وزارت عظمیٰ سے سبکدوش ہوگئے جبکہ فیصلے کی روشنی میں انہیں پارٹی صدارت سے بھی الگ ہونا پڑا تھا تاہم مسلم لیگ (ن) انتخابی اصلاحات بل میں آئینی ترمیم کرانے میں کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد نوازشریف کو پارٹی کا صدر منتخب کیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقامی وکیل رئیس عبدالواحد کی جانب سے نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے کے خلاف درخواست دائر کی گئی۔درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانا اخلاقی روایات کے خلاف ہے۔درخواست گزار نے نوازشریف کو پارٹی صدر بنانے کے اقدام کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے مؤقف پر نوازشریف ٗچیف الیکشن کمشنر ٗ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکریٹری کابینہ ڈویڑن اور سیکریٹری قانون کو نوٹس جاری کردیئے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی ہے اور آئندہ سماعت سے قبل نوازشریف کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔