کوئٹہ جنوری 11(ٹی این ایس)پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن بلوچستان کے زیراہتمام جمعرات کوقصور میں معصوم بچی زینب کے بہیمانہ قتل اور زیادتی کے خلاف پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے مظاہرین سے پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن بلوچستان کے چیف کوارڈی نیٹر ندیم آفریدی ، سینئر نائب صدر حیات اللہ خان اچکزئی ، سیکرٹری اطلاعات حنا گلزار،بابر مرغزانی ، ملک عیسیٰ ملازئی ، شبیر احمداچکزئی ، عاشی اور دیگر نیننھی پری زینب کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دلخراش واقعہ نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے لیکن پنجاب کے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔انہوں نے کہا کہ قصور میں ایک سال کے اندر 12سے زائد زیادتی و قتل کے واقعات رونما ہوئے لیکن کسی ایک مجرم کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا یہ واقعہ پنجاب کے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے یہ واقعہ پنجاب حکومت اور قصور پولیس کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبو ت ہے ۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچی زینب قوم کی بیٹی تھی اس کے قتل سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیالیکن حکمران ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے صرف طفل تسلیوں سے کام لے رہے ہیں۔













