کوئٹہ اگست 13(ٹی این ایس)کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجیدی میں کوئلے کی کان منہدم ہونے سے تیرہ کان کن اندر پھنس گئے۔کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجدی میں کوئلہ کی کان میں سلنڈرکے باعث دھماکے سے کان اندر ست بیٹھ گئی اور 13 کان کن اندر پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے مدد طلب کرلی گئی ہے۔
کول کمپنی حکام کے مطابق کان کن ساڑھے تین ہزار فٹ کی گہرائی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کان میں ہوا اور آکسیجن جانے کاراستہ نہیں،جب کہ اترنے کا راستہ بھی مٹی گرنے کی وجہ سے بند ہوگیا ہے۔
حکام کے مطابق زیادہ تر مزدوروں کا تعلق دیر، سوات اور شانگلہ سے ہے۔قریبی کان میں کام کرنے والے مزدور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، مشینری نہ ہونے اور کم روشنی کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔خیال رہے کہ اسسے قبل بھی بلوچستان کے نواحی علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کانوں میں گیس دھماکے کے نتیجے میں دو حادثات میں اٹھارہ کان کن جاں بحق اور سولہ زخمی ہوئے تھے۔