قصور میں بچوں کیساتھ پہلے پیش آنے والے زیادتی کے واقعات پر کارروائی کرلی جاتی تو زینب کیساتھ واقعہ پیش نہ آتا ٗ عندلیب عباس

 
0
704

اسلام آباد جنوری 12(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عندلیب عباس نے کہاہے کہ قصور میں بچوں کے ساتھ پہلے پیش آنے والے زیادتی کے واقعات پر کارروائی کرلی جاتی تو کمسن بچی زینب کے ساتھ یہ واقعہ پیش نہ آتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عندلیب عباس نے کہا کہ قصور واقعہ کے پیچھے مزید 11 واقعات ہیں جن کا تذکرہ نہیں کیا جارہا ٗاگر ہم نے ان واقعات کو نہیں اٹھایا تو کیا وہ بچے کم قیمتی تھے جو اپنی جان سے چلے گئے اور ان کا پتہ تک نہ چل سکا، میری اپنی بیٹی کا نام زینب ہے اور نہ جانے کتنی زینب ہیں جو پاکستان میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی قصور میں 284 بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات رونما ہوئے جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے شرمناک واقع تھااس واقعہ میں نہ صرف پولیس ملوث تھی بلکہ اس معاملے میں بننے والی جے آئی ٹی‘ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس میں اس وقت کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی ملوث تھے، بعد ازاں ان سب کو بری کردیا گیا اور چند کم قصوروار افراد کو گرفتار کر کے کیس کو دبا دیا گیا۔