سازشی عناصر طاہرالقادری ،عمران خان اور زرداری کی شکل میں عوام کو دھوکہ دینے پھر آرہے ہیں ‘رانا تنویر حسین

 
0
366

مریدکے جنوری 14(ٹی این ایس) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے بھارت کے آرمی چیف پاکستان کو دھمکیاں دینے کی بجائے اپنی عوام کو غربت سے نکالنے کے مودی کو مشورے دیں تو بہتر ہے اسے معلوم ہے پاکستان سے پنگا لینے کے کیا نتائج نکل سکتے ہیں ۔مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت کے جنگی جنون سے خطہ کا امن خطرے میں ہے بھارت کی سوچ جنگی تیاریوں دھمکیوں افغانستان میں بیٹھ کر بلوچستا ن میں تخریب کاریوں سب پر نظر ہے اگر یہ سمجھے کہ پاکستان کی فوج اور حکومت غافل ہے تو یہ اسکی تاریخی بھول ہے ۔پاکستان ایک زمہ دار ایٹمی قوت ہے بھارت کو کیا دنیا کے کسی ملک کو بھی جرات نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے ۔

انہوں نے کہا بھارت کے حکمران اور آرمی چیف تحریک آزادی کشمیر اور بھارت میں جاری علیحدگی کی تحریکوں سے اپنی عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے گیدڑ بھبکیاں لگا رہے ہیں آج کے پاکستان اور پاک فوج کی شہادتوں کے نتیجہ میں دہشت گردی کے خاتمہ سے دنیا میں امن ہے دنیا کو بھی چاہئے بھارت کے جنگی جنون اور شرارتوں کا نوٹس لے ۔انہوں نے کہا بھارت شرارت کی جرات نہیں کرے گا اگر کی تو پاک فوج بیس کروڑ پاکستانی ایسا جواب دیں گے کہ بھارت سرکار اپنے بچوں کو نصاب میں پڑھائے گی کہ جو مرضی کرلو پاکستان کو نہ چھیڑو ۔

انہوں نے کہا دنیا کی سب سے جدید بہادر پاک فوج دفاع کے جدید ترین وسائل اور بہادر عوام ارض وطن کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں اب کے اگر جنگ ہوئی تو پاکستان بھارت کی زمین پر لڑے گا ہماری شرافت اور خطہ میں امن کیلئے ہمسایوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے کی پالیسی کو اگر کوئی بزدلی سمجھے تو یہ اسکی تاریخی بھول ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا میاں نواز شریف کی محنت کا نتیجہ ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت بنا سی پیک جیسے عظیم منصوبے پاکستان آئے خوشحالی کی ٹرین کو روکنے کیلئے میاں نواز شریف کو نااہل کیا گیا سازشی عناصر طاہرالقادری عمران خان اور زرداری کی شکل میں عوام کو دھوکہ دینے پھر آرہے ہیں چلے کارتوس سیاسی جنگ کیا لڑیں گے 2018 ء کے انتخابات میں انکو تاریخی شکست دیں گے ۔انہوں نے کہا عمران خان زرداری شیخ رشید طاہرالقادری کو چیلنج کرتے ہیں کہ ان کے حلقہ میں ان سے الیکشن لڑ لیں اگر یہ جیت گئے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے یہ لوگ مسلم لیگ ن کے ایک کارکن کا مقابلا نہیں کر سکتے میاں نواز شریف کا کیا کریں۔