ایمریٹس اور اتحاد ایئرویز نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی

 
0
346

اسلام آباد ،جنوری15(ٹی این ایس):ایمریٹس اور اتحاد ایئرویز نے ایک بار پھر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے )کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی۔موجودہ حکومت نے ابتدائی 2سال میں مختلف اداروں کی نجکاری سے 1ارب 72کروڑ ڈالر حاصل ہونے کے بعد پی آئی اے کی فروخت کا فیصلہ کیا تھا تاہم ادارے کے ملازمین کے احتجاج کے پیش نظر حکومت نے فروخت کا پروگرام موخر کردیالیکن اب ایک بار پھر پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز کی فروخت کا فیصلہ کیا گیاہے۔

نجکاری کمیشن کے ذرائع کے مطابق ،ایمریٹس اور اتحاد ایئرویز نے پی آئی اے کی خریداری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔حکومت کی جانب سے گرین سگنل کے بعد نجکاری کا عمل دوبارہ شروع کردیا جائے گا، نقصان سے دوچار اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے لیکن اگست 2015کے بعد سے کسی ادارے کی نجکاری نہیں کی جاسکی۔حکومت نے اب تک صرف 5اداروں کی نجکاری کی ہے جبکہ نجکاری کی ترجیحات میں 69ادارے شامل ہیں۔