ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دورہ ترکمانستان کی دعوت ٗوزیر اعظم نے قبول کر لی
اسلام آباد،جنوری 15 (ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ترکمانستان کے وزیرخارجہ کی ملاقات کے دور ان دونوں ممالک کے درمیان روڈ اور ریلوے لنکس قائم کرنے پراتفاق کیا گیا۔ پیر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ترکمانستان کی وزارتی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر برائے خارجہ امور راشد مریدوف نے خیرسگالی ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کیلئے شاہراہوں اور ریل رابطوں سمیت رابطہ کاری کے منصوبوں پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو ترکمانستان کے صدر کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان۔انڈیا (تاپی) گیس پائپ لائن پراجیکٹ سمیت توانائی کے دیگر منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکمانستان کے ساتھ توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل میں پاکستان کی جانب سے اظہار دلچسپی کا اعادہ کیا اور تاپی منصوبہ پر ہونے والی پیشرفت کو سراہا۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو بجلی کی ٹرانسمیشن لائن اور فائبر آپٹک کی تجاویز کے متعلق بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے پاکستانی کمپنیوں کو ترکمانستان کی جانب سے تاپی منصوبہ کیلئے پیش کئے گئے ٹینڈرز میں شمولیت کیلئے دعوت دی۔ انہوں نے اپنی حکومت کی پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پالیسیاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترکمانستان میں سرمایہ کاری کی اجازت دیتی ہیں، اس سلسلہ میں ترکمانستان کی حکومت پیٹرو کیمیکل انڈسٹری سے متعلق منصوبوں میں پاکستان کی شمولیت کا خیرمقدم کرے گی۔
ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دورہ ترکمانستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ ملاقات میں ترکمانستان کے وزراء برائے توانائی و گیس اور تاپی گیس پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے علاوہ پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے۔