ہزارہ موٹر وے کا منصوبہ پاکستان خصوصاً ہزارہ کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا،نواز شریف نے ہزارہ کے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کا ایفا کیا،کیپٹن صدر کانواز شریف کے جلسہ کے سلسلہ میں اجلاس سے خطاب 

 
0
314

ہری پور ،جنوری 15 (ٹی این ایس):مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہزارہ کے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو ایفا کر دیا ہے، ہزارہ موٹر وے کا منصوبہ پاکستان خصوصاً ہزارہ کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا، اس منصوبہ سے پاکستان دنیا میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا، ملک میں معاشی طور پر استحکام حاصل آئے گا، سوئی گیس کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر کے دور افتادہ دیہات کے عوام کو گیس کی نعمت سے مستفید کیا جا رہا ہے۔

وہ پیر کو کھلابٹ میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کے جلسہ کے حوالہ سے پارٹی میٹنگ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور کھلابٹ جلسہ ہزارہ کی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کرے گا،20 تاریخ کو ہری پور کے عوام بھرپور قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر صابر شاہ نے کہا کہ ہری پور کے غیرت مند عوام اپنے قائدین سے کام نہیں بلکہ عزت کے طلب گار ہیں، اس وقت تمام ضلعی، تحصیل اور دیگر تمام ونگز محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں، انہیں ان کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں نواز شریف کی سابق خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور آپس میں معمولی اختلافات کو بالائے طاق رکھنے کا عہد کرتے ہوئے اپنے محسن قائد نواز کے پرجوش استقبال کیلئے بھرپور توانائیاں صرف کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بابر نواز خان نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ (ن) کے اندر کوئی اختلاف نہیں، تمام ضلعی قائدین اور کارکن متحد ہیں۔