امریکا میں پاکستانی نژاد مسلمان وزیر کا قرآن پر حلف،وزیرتعلیم کا قلم دان سپرد

 
0
356

ورجینیا جنوری 16(ٹی این ایس)امریکی ریاست ورجینیا میں ایک پاکستانی نژاد مسلمان کو ریاست میں وزارت تعلیم کا قلم دان سونپا گیا، مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ نو منتخب وزیر نے اپنے عہدے کا حلف قرآن پاک پر اٹھایا۔عرب ٹی وی کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک فوٹیج میں پاکستانی نڑاد مسلمان وزیر عاطف قرنی کو اپنے ایک ہاتھ میں قرآن پاک اٹھائے امریکی دستور کے تحت حلف اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ عاطف قرنی سے یہ حلف ورجینیا ریاست کے گورنر رالف نورتھم نے لیا۔ انہیں ریاست میں تعلیمی پالیسی، مدارس کی معاونت اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی نگرانی سونپی گئی ہے۔ عاطف قرنی پہلے امریکی مسلمان ہیں جو ورجینیا ریاست میں اس اہم عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔قرنی اس سے قبل امریکی نیوی میں سارجنٹ اور کچھ عرصہ تک وسطی ورجینیا میں بیفیل اسکول میں اسپورٹس کے استاد کے طور پربھی کام کرچکے ہیں۔اس موقع پر ریاستی گورنر نورتھام نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ہمیں ریاست میں ایک ایسا سیکرٹری تعلیم چاہیے جو نصاب تعلیم، تدریسی کلاسز اور اسکولوں کے معاملات کو اچھی طرح سمجھتا ہو۔ عاطف قرنی کے پاس اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے پختہ ویڑن موجود ہے۔خیال رہے کہ قرنی کی پیدائش 1978ء میں کراچی میں ہوئی۔ وہ دس سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئے۔ انہوں نے ابتدائی زندگی میری لینڈ میں بسرکی۔ سنہ 2005ء میں وہ ورجینیا کے ماناساس میں منتقل ہو گئے تھے۔