ٹامپا، اگست 03(ٹی این ایس):موقر امریکی اداروں کی رپورٹ کے مطابق کرہ ارض میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث گرین ہاؤس گیسس کا اخراج بلند ترین سطح پر پہنچ گیاجس سے پوری دنیا کے درجہ حرارت میں غیرمعمولی طور پر اضافہ ہوا ، جس سے آرکٹک میں برف پگھلنے کی رفتار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
ماحولیاتی تبدیلی پر یہ جائزاتی رپورٹ دنیا کے 60 ممالک کے 450 سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر مرتب کی، جس میں گزشتہ سال دنیا بھر میں ماحول کی بگڑتی صورتحال کے بارے میں بتایا گیا ہے، جبکہ گزشتہ برس ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیرس کلائمیٹ ڈیل سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے بعد امریکا دنیابھر میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی پھیلاتا ہے، لیکن اس کے باوجودامریکا ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد تحفظ ماحولیات کے معاہدے سے دستبردار ہوگیا تھا.
امریکی صدر نے ماحولیاتی تبدیلی کو چینی پروپیگنڈا کہتے ہوئے، پیرس معاہدہ سے علیحدگی اختیار کی تھی، جس پر 190 ممالک نے دستخط کر کے فضا میں نقصان دہ اخراج کم کرنے پر زور دیا تھا۔
واضح رہےکہ دنیا میں تک ریکارڈ کردہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت پورٹو مدرائین ارجنٹینا میں ریکارڈ کی گیا جو تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 110.1 ڈگری فارن ہائیٹ 43.3 ڈگری سیلسئس تک جا پہنچا تھا۔
اس کے ساتھ صرف مئی کے مہینے میں پوری دنیا کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت پاکستان کے علاقے تربت میں ریکارڈ کیا گیاجو 128.3 ڈگری فارن ہائیٹ یعنی 53 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔