بیجنگ، سرکس کی ریہرسل کے دوران شیر اور چیتے نے گھوڑے پر حملہ کردیا، ٹرینرز نے جان بچا لی،گھوڑا معمولی زخمی

 
0
542

بیجنگ،جنوری 17 (ٹی این ایس):انٹرنیشنل چین میں سرکس کی ریہرسل کے دوران شیر اور چیتے نے اچانک گھوڑے پر حملہ کردیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی چین میں منعقد ہونیوالے سرکس کی تیاری کے سلسلے میں وہاں ایک شیر، چیتا اور گھوڑا موجود تھے جبکہ عملہ انہیں کرتب دکھانے کی تربیت فراہم کررہا تھا۔

سرکس میں شیر اور چیتے کو گھوڑے کی پشت پر سوار ہوکر دکھانا تھا تاہم ریہرسل کے دوران اچانک شیر نے گھوڑے پر حملہ کردیا اور اس کی ٹانگ پر اپنے نوکیلے دانت گاڑ دیئے۔شیر کو دیکھ کر چیتے نے بھی پیچھے سے گھوڑے پر حملہ کردیا جس پر وہاں موجود ٹرینرز نے گھوڑے کو بچانے کی کوششیں شروع کردیں۔کافی تگ ودو کے بعد سرکس کا عملہ گھوڑے کو شیر اور چیتے سے چھڑانے میں کامیاب ہوگیا ۔سرکس میں کام کرنیوالے ایک شخص نے بتایا کہ اس واقعے میں گھوڑے کو معمولی زخم آئے ہیں تاہم اس کی جان کو کوئی خطرہ نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سرکس کے دوران ایسے واقعات کا رونما ہونا معمول کی بات ہے۔دوسری جانب چین میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے سرکس پر پابندی لگائی جائے جہاں جانوروں کو استعمال کیا جاتا ہے کیوں کہ یہ جانوروں کے حقوق کے خلاف ہے۔