پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے لاشوں پر سیاست کو فروغ دینا انتہائی افسوسناک ہے ،طارق فضل چوہدری

 
0
359

پنجاب حکومت ماڈل ٹاؤن واقعہ کے متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے کیلئے تیار ہے،وزیرمملکت کا انٹرویو

اسلام آباد،جنوری18 (ٹی این ایس):وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے لاشوں پر سیاست کو فروغ دینا انتہائی افسوسناک ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے مخالفین سیاسی میدان میں ہماری جماعت کا مقابلہ نہیں کر سکتے ٗپیپلزپارٹی کو بلدیہ ٹاؤن اور 12مئی کے واقعات کے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کر نا چاہیے۔

پنجاب حکومت ماڈل ٹاؤن واقعہ کے متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے کیلئے تیار ہے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے مخالفین سیاسی میدان میں اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دور حکومت کے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بدنام کرنے کیلئے متحد ہو رہے ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ محمد نواز شریف آج بھی ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عوام سے مسترد شدہ سیاسی جماعتوں نے لاہور میں سیاسی سرکس منعقد کی جس کا صرف ایک ہی مقصد تھا اور وہ تھا اقتدار کا حصول جسے وہ کسی بھی قیمت پر حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے موقف کی توثیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو اپنی جماعت کی سندھ میں حکومت پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے اور بلدیہ ٹاؤن سمیت 12 مئی کے واقعے کے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن واقعہ کا کیس عدالتوں میں زیر سماعت ہے لیکن طاہرالقادری اور اس کے پیرو کار اس کیس کا انصاف دھرنوں اور مظاہروں کے ذریعے سڑکوں پہ چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ماڈل ٹاؤن واقعہ کے متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے کے لیے تیار ہے۔