آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور شیری رحمن کا منو بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت

 
0
549

اسلام آباد ،جنوری19(ٹی این ایس):پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور شیری رحمن نے معروف کام نگار اور ادیب منو بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ صحافت اور ادب کے لئے منو بھائی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ انہیں منو بھائی کے انتقال کی خبر سے سخت صدمہ پہنچا، ان کے انتقال سے پاکستان اتحاد اور دانش کی ترقی پسند آواز سے محروم ہوگیا ہے۔ سابق وزیر اطلاعات اور سینیٹر شیری رحمٰن نے ٹویٹر پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ انہیں منو بھائی کی موت کی خبر سے دلی صدمہ ہوا۔ ان کے انتقال سے لاہور ایک شفیق مسکراہٹ اور اہل اقتدار کے سامنے بے خوفی سے سچ بولنے والی آواز سے محروم ہوگیا ہے، ترقی پسند سیاست اور سماجی انصاف کے حوالے سے ان کی آواز نے کم از کم دو عشروں تک صحافیوں کی رہنمائی کی۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔