لاہور،جنوری19(ٹی این ایس):لاہور ہائیکورٹ میں ٹی وی چینلز پرمارننگ شوز میں کم عمر بچیوں کے ناچ گانے پر پابندی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ۔ یہ درخواست صحافی تنظیم کے سربراہ رانا عظیم نے ایڈووکیٹ آفتاب احمد باجوہ کے توسط سے دائر کی جس میں وفاقی حکومت، پیمرا ، معروف اینکر ساحر لودھی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ٹی وی چینلز پرمارننگ شوز میں کم عمر بچیوں میں ناچ گانے کے مقابلے دکھائے جاتے ہیں اور اسطرح کے پروگرامز کی وجہ سے معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہو رہا ہے، درخواست گزار کے وکیل نے افسوس کا اظہار کیا کہ پیمرا ایسے پروگراموں کی نشریات کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کر رہا، لہذا عدالت پیمرا کو مارننگ شوز کے ایسے پروگراموں میں کم عمر لڑکیوں کے ناچ گانے نشر کرنے پر پابندی لگانے کے احکامات صادر کرے ۔