دوہزار تیرہ سے اب تک کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کے اعدادوشمار کے تحفظ کے لئے جدید اوریکل ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم کا آغاز

 
0
619

اسلام آباد ،جنوری 19 (ٹی این ایس):وزارت داخلہ نے دوہزار تیرہ سے اب تک کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کے اعدادوشمار کے تحفظ کے لئے جدید اوریکل ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم کا آغاز کیاہے۔ذرائع کے مطابق یہ ڈیٹا بیس نظام پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمٹیڈ کے محفوظ اور قابل اعتماد نیٹ ورک اور ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک سے منسلک ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس نظام کے تحت یوایس بی، سی ڈی اور ڈی وی ڈی جیسے ڈیٹا محفوظ کرنے والے تمام آلات کی ممانعت ہوگی۔ اس سہولت کو آئرن شیٹس اور گلاس ٹیپس سے مضبوط بنایا گیا ہے اور کسی شخص کی بائیومیٹرک تصدیق سمیت دوعوامل کی تصدیق کے ذریعے مرکزی ڈیٹا سینٹر کو محفوظ بنایا گیا ہے۔

ڈیٹا سینٹر کو اس طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے تک دور افتادہ رسائی ممکن نہیں ہے۔ذرائع نے بتایا کہ نیشنل ڈیٹا وئیر ہاؤس کاڈیٹا سینٹر انٹرنیٹ سے منسلک نہیں لہذا اس پر کسی قسم کے سائبر حملے یا ڈیٹا چوری ہونے کا خدشہ نہیں۔