عمران خان اور شیخ رشید کے نازیباکلمات ایک فاشسٹ اور آمرانہ ذہن کی عکاسی کرتے ہیں،سنیٹرمشاہداللہ خان

 
0
379

کراچی،جنوری 19 (ٹی این ایس):مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اوروفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سنیٹرمشاہداللہ خان نے کہاہے کہ عمران خان اور شیخ رشید کے نازیباکلمات ایک فاشسٹ اور آمرانہ ذہن کی عکاسی کرتے ہیں،دونوں رہنماؤں نے جس طرح پارلیمنٹ جیسے مقدس ادارے کی توہین کی ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے ،عمران خان پچھلے ساڑھے چار سالوں سے جمہوریت کے خلاف سازشیں کر رہاہے اور کبھی پاکستان کو لاک ڈاؤن اور کبھی سول نافرمانی کی دھمکی دیتاہے ۔جس طرح پاکستان کے اور خصوصی طور پر لاہور کے عوام نے ان سازشی جماعتوں کے جلسے اور احتجاج کوناکام کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے اور اس ناکامی سے عمران خان اور طاہر القادری سخت مایوسی کا شکار ہوئے ہیں۔

جمعہ کو وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان کی صدارت میں سندھ مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر راجہ عبداللہ، کریم شیخ، علی اکبر گجر،کراچی ڈویژن کے صدرسید منوررضا،فواد شاہ،خواجہ نیئر،عبدالحمیدبٹ، سید نثار شاہ، سلطان بہادر، زاہد علی شاہ، امان آفریدی، اسلم خٹک، نعیم پراچہ سمیت کراچی کے تمام اضلاع کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں 2018ء کے انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سید منور رضانے کراچی میں عام انتخابات کے حوالے سے بریفننگ دی ۔مشاہداللہ خان عمران خان اور شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دونوں نام نہاد سیاسی رہنماؤں کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ کسی چور دروازے سے برسر اقتدار آجائیں اورجمہوریت کی بساط کو لپیٹ دیں اور اسی لیے وہ کبھی امپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کرتے ہیں اور کبھی مایوس ہو کر نجومیوں کی پیش گوئیوں کا سہارا لینا شروع کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں اس ملک میں پرویز مشرف جیسے آمروں نے پاکستان میں جمہوری نظام پر شب خون مارا وہیں عمران خان اور شیخ رشید جیسے نام نہاد سیاسی رہنماؤں کاجمہوری نظام کو تباہ کرنے میں کردارکم نہیں ہے اور آج بھی ملک میں وہ اسی قسم کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان اور شیخ رشید کو اچھی طرح معلوم ہے کہ اُن کی کارکردگی صفر ہے اور انہوں نے صرف دھرنوں اور احتجاج کے سوا قوم کو کچھ نہیں دیا اور اُن کا مقابلہ اُس سیاسی قیادت سے ہے جس نے ملک کو اندھیروں سے پاک کیا،دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں ملک کی معاشی حیثیت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی عوام خدمت اور ملک دوست پالیسیزز کا مقابلہ عمران کے دھرنے اور غلط الزامات نہیں کر سکتے اور اسی کی تصدیق آج بھی دُنیا کے مستند ترین میگزین اور سرویز بھی اپنی اشاعت میں کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیاسی لحاظ سے انتہائی باشعور ہیں اوروہ ان دھرنوں اور احتجاجوں کے پیچھے مذموم مقاصد کو خوب جانتے ہیں اور عمران خان جیسے سازشی نام نہاد سیاسی رہنماؤں کے مقدر میں وزارت عظمیٰ نہیں بلکہ رسوائی اور ندامت ہے۔سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ میاں محمدنوازشریف کی کامیاب پالیسیوں کے باعث کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔کراچی میں امن ہوگا تو ملکی معیشت بھی ترقی کرے گی ۔شہر میں قیام امن کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت اقدامات کررہی ہے ۔گرین لائن بس منصوبے ،پانی اور کراچی کے پیکج کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کو کچرے کا ڈھیربنادیا ہے ۔وہ شہر جس کی پہچان اس کی روشنیاں ہوتی تھیں آج کھنڈر کا نقشہ پیش کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو بھاری تعداد میں ووٹ دیئے ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کراچی بھی نواز شریف کے چاہنے والوں کا شہر ہے ۔آئندہ عام انتخابات میں کراچی سے بھرپور کامیابی کے لیے پارٹی کی مقامی قیادت اور کارکنوں کو انتھک محنت کرنا ہوگی ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پارٹی رہنما عوام کے سامنے نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کی کارکردگی پیش کریں ۔سی پیک منصوبہ سے لے کر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے تک کیے گئے اقدامات کو عوام آئندہ انتخابات میں بھرپور پذیرائی بخشیں گے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے،ہماری حقیقی عوامی خدمت کے ثبوت اور مخالفین کے جھوٹے دعوے عوام کے سامنے ہیں۔