امریکی کمپنی ایگزون موبیل کے جہاز کراچی کے ساحل پر پہنچ گئے، 6 جنوری کو پہلی ڈرلنگ شروع کی جائے گی، مشیر میری ٹائم

 
0
503

کراچی جنوری 02 (ٹی این ایس): امریکی کمپنی ایگزون نے پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر ڈھونڈنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت امریکی کمپنی کے جہاز ساحل سمندر کراچی پر پہنچ چکے ہیں۔مشیر میری ٹائم کا کہنا ہے کہ 6 جنوری کو پہلی ڈرلنگ کا آغاز کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 4ماہ سے زیادہ ہوچکے ہیں جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے حکومتی کارکردگی کا حساب مانگا جارہا ہے ۔مسلم لیگ ن حکومت کی کارکردگی کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا ہے جبکہ دیگر مسلم لیگی رہنما بھی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔تاہم دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے موجودہ دور حکومت کو بہترین دور حکومت قرار دے رہی ہے۔اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس حوالے سے اہم اور تاریخی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ااس حوالے سے تازہ ترین خبر کے مطابق آج پاکستان کی تاریخ میں اہم دن ہے،امریکی کمپنی ایگزون نے 27 سال بعد پاکستان کا رخ کر لیا ہے۔امریکی کمپنی ایگزون کے جہاز کراچی کے ساحل سمندر پر لنگر انداز ہوچکے ہیں۔جہاز تیل و گیس کے ذخائر تلاش کرنے کے لیے پاکستان کی سمندری حدود میں ڈرلنگ شروع کریں گے۔مشیر میری ٹائم کا کہنا تھا کہ پہلی ڈرلنگ 6 جنوری سے شروع کر جائے گی۔امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے بہت بڑے ذخائر موجود ہیں جن کی دریافت سے پاکستانی قوم کی قسمت پلٹ سکتی ہے۔واضح ہو کہ مذکورہ کمپنی کا دفتر 27 سال پہلے بند ہو چکا تھا۔