ڈی ایچ اے پشاور کرکٹ لیگ سیزن2 کی ٹرافی کی تقریبی رونمائی

 
0
335

 

پشاور،14 اپریل (ٹی این ایس ): ڈی ایچ اے پشاور کرکٹ لیگ سیزن2 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خیبر پختونخوا جنید احمد خان نے مشترکہ طور پر کی۔اس موقع پر تمام بارہ ٹیموں کے مالکان بھی موجود تھے جس میں اہم نام ٹیسٹ اینڈ ون ڈے کرکٹر افتخاراحمد بھی موجود تھے ۔تقریب رونمائی کے بعد ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا کہ امسال ہم نے اپنے بجٹ میں کھیلوں اور نوجوانوں کے لئے خاص فنڈ مختص کیا ہوا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کرکٹ کے علاوہ روایتی کھیلوں جس میں مخہ، کبڈی، چیندرو، گلی ڈنڈا و دیگر روایتی کھیلوں کو بھی فروغ دیا جائے اور ہماری کوشش ہو گی کہ سپورٹس بورڈکے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کروایا جائے۔ ہماری خواہش ہے کہ ہم صوبے کی ثقافتی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کریں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا جنید احمد خان نے کہا کہ ہم ایسے کھیلوں کیلئے تمام گراؤنڈز مفت میں فراہم کر رہے ہیں اس لئے اس لیگ کے ساتھ ساتھ دیگر آرگنائزیشن بھی کھیلوں کے مقابلوں میں دلچسپی ظاہر کریں جس کیلئے ہمارے تمام کھیلوں کے میدان کے دروازے ان کیلئے کھلے ہوئے ہیں ۔واضح رہے کہ پچھلے سال یہ کرکٹ لیگ نہایت خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچی اور آرگنائزیشن کی کوشش ہے کہ موجود ہ لیگ کو سابقہ لیگ سے بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ اس لیگ میں 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جس میں مقامی ٹیموں کے علاوہ راولپنڈی اور کشمیر کی ٹیمیں بھی شرکت کر رہی ہیں اس کرکٹ لیگ میں مقامی کھلاڑیوں کے علاوہ انڈر19اور انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شرکت کرینگے۔ اس لیگ کا باقاعدہ آغاز15اپریل سے پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں ہو گا۔بعد ازاں تمام ٹیموں کو کٹس مہیا کر دی گئیںْ۔