پنجاب کے شہری کی رشوت دینے کی کوشش، کے پی کے ٹریفک پولیس اہلکار کا زبردست جواب

 
0
581

پشاور ،جنوری19(ٹی این ایس):پنجاب کے شہری نے خیبر پختونخواہ میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار کو رشوت دینے کی کوشش کی جس پر ٹریفک پولیس اہلکار نے زبردست جواب دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ٹریفک پولیس اہلکار نے رشوت دینے والے شخص سے پوچھا کہ آپ کہاں سے آئے ہیں؟ جس پر اس نے جواب دیا کہ میں پنجاب سے آیا ہوں۔ ٹریفک پولیس اہلکار نے شہری سے دریافت کیا کہ آپ نے مجھے تین سو روپے کیوں دئے ؟ جس کے بعد ٹریفک اہلکار نے شہری کو بتایا کہ کے پی کے میں کوئی بھی ٹریفک پولیس اہلکار کسی سے پیسے نہیں لیتا۔

ہم نے قسم کھائی ہے کہ ہم کوئی ایسا کام نہیں کریں گے اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔ یہ تین سو روپے ہیں، اگر آپ مجھے تین کروڑ روپے بھی دیں گے تو بھی میں آپ سے نہیں لوں گا۔ اگر آپ کو کوئی شکایت ہے تو ہمارے ایس ایس پی یاسر آفریدی صاحب سے بات کریں اور اپنا مسئلہ بیان کریں۔ لیکن پیسے کسی کو مت دیں۔ ٹریفک اہلکار نے شہری سے وعدہ لیا کہ وہ آئندہ کسی کو پیسے نہیں دے گا اور ساتھ میں یہ بھی کہا کہ آپ کو کوئی بھی مسئلہ ہو ہمیں بغیر پیسوں کے بتائیں کیونکہ ہم آپ کی خدمت کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس ویڈیو پر صارفین نے کے پی کے پولیس کی تعریف کی اور کہا کہ ملک بھر کے اداروں کو رشوت لینے سے انکار کرنا چاہئیے تاکہ ملک میں واضح اور نمایاں تبدیلی نظر آ سکے۔

پنجاب سے آئے ایک شہری نے جب خیبر پختونخوا ٹریفک پولیس اہلکار کو رشوت دینے کی کوشش کی تو اہلکار نے کیا کہا؟جواب سن کر آپ بھی خیبر پختونخوا پولیس پر فخر محسوس کریں گے

Posted by Pervez Khattak on Thursday, January 18, 2018