امریکہ نے سفارتکاروں پر سفری پابندی لگائی تو پاکستان بھی لگائے گا: رانا افضل

 
0
345

اسلام آباد اپریل 14(ٹی این ایس)امریکہ میں پاکستان کے سفارت کاروں کی نقل و حرکت پر ممکنہ پابندی کی خبروں پر اگرچہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی طرف کے ترجمان کی طرف سے یہ کہہ کر تبصرہ کرنے سے گریز کیا گیا ہے کہ ”ہم میڈیا کی خبروں پر رائے نہیں دیتے،” لیکن یہ معاملہ اب بھی ذرائع ابلاغ میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔پاکستان کے وزیرِ مملکت برائے خزانہ اور قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے امورِ خارجہ کے رکن رانا محمد افضل نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ اگر امریکہ کی طرف سے ایسی پابندی لگائی گئی تو جواباً بھی ویسا ہی اقدام کیا جائے گا۔”دیکھیں اس کے اوپر جو بھی فیصلہ امریکہ کرے گا ویسا ہی اقدام پاکستان کی طرف سے کیا جائے گا۔پاکستان میں امریکہ کی ایمبیسی ہے۔ بہت بڑی ہے اور بہت زیادہ سفارت کار ہیں۔ اگر وہ ہمارے اوپر پابندی لگائیں گے۔ تو ہمیں بھی لگانی پڑے گی۔ میں دعا کرتا ہوں کہ ہم اس نہج پر نہ آ جائیں۔”ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی بھی اقدام دوطرفہ تعلقات کے لیے نقصان دہ ہو گا۔”اس سے آپ کیا حاصل کریں گے؟ مطلب پاکستان کے لوگوں پر اگر شک کیا جاتا ہے کہ وہ جاسوسی کرتے ہیں اور ان کی نقل و حرکت کو محدود کرنا ہے تو پھر پاکستان میں بھی اس طرح کے تاثرات پیدا ہوں گے تو یہ دونوں ملکوں کے لیے اچھا نہیں ہو گا۔”