برطانیہ اور یورپین ممالک کے کشمیری ، پاکستانی تارکین وطن 18 اپریل کو مودی کی آمدپر مشترکہ احتجاجی پروگرام میں شرکت کریں ٗچوہدری محمد یاسین

 
0
476

لیڈز اپریل 14(ٹی این ایس) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین نے برطانیہ اور یورپین ممالک کے کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن سے اپیل کی کہ وہ 18 اپریل کو مودی کی آمد کے موقع پر مشترکہ احتجاجی پروگرام میں شرکت کریں۔ اس مظاہرے کے ذریعے اقوام عالم کو یہ بتایا جا سکے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے ذریعے جنگی جرائم میں ملوث ہے۔گزشہ روزیک تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اوربربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے دنیا کے خطرناک ترین ہتھیار پیلٹ گنوں کے ذریعے کشمیر یوں کو آپاہج کیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے کشمیری عوام پر بھارت کے ریاستی جبر و تشدد کا نوٹس لیں، مظلوم کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کے آئے روز قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالی پر سیخ پا ہو جاتی ہے کیونکہ پاکستانی اور کشمیری عوام مذہبی، ثفافتی، تاریخی اور نظریاتی طور پر ایک مضبوط زنجیر میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پر امن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد ہے جسے کسی صورت میں دبایا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کوکامیاب بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کر یں بین الاقوامی برادری کو آزادی کی تحریک اور دہشتگردی کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کی ایک کڑی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اس بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کی پامالی کی بد ترین مثال ہے جبکہ اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کو جائز حق دینے کا با قاعدہ یقین دلایا ہے۔ مگر افسوس کہ مظلوم کشمیری عوام کی خواہشات کی تکمیل نہیں کی جا رہی ہے۔ چوہدری محمد یاسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام جدوجہد آزادی کو ہر سطح پر جاری رکھیں گیاور اس سلسلے میں بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔