شہریوں کی سہولت کے لیے بینک کی برانچیں رات 9 بجے تک کھلی رکھنے کا اعلان

 
0
6239

اسلام آباد 09 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیشنل بینک نے شہریوں کی سہولت کے لیے برانچیں رات 9 بجے تک کھلی رکھنے کا اعلان کردیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈیوٹیاں، وصولیاں اور ٹیکس وصول کرنے والی متعلقہ برانچیں آج رات 9 بجے تک کھلی رہیں گی۔

ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق ایس بی بی بی ایس سی کے دفاتر اور نیشنل بینک کی مجاز برانچوں کو رات گئے تک کھولنے کا فیصلہ شہریوں کی سہولت کے لیے کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق نفٹ کی جانب سے آج شام 6 بجے تک خصوصی کلیئرنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ قومی بینک دولت پاکستان نے تمام بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی متعلقہ برانچیں نفٹ کی حکومتی ٹرانزیکشنز کی کلیئرنگ تک کھلی رکھیں۔

واضح رہے کہ آج سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تاریخ میں مزید توسیع سے انکار کرتے ہوئے متعلقہ دفاتر کو ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مستقبل کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جاسکے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی، ملک بھر کے تمام کمرشل بینک ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے آج رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ایف بی آر کے تمام فیلڈ دفاتر ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے رات 10 بجے تک کھلے رہے گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس گزار رات بارہ بجے تک آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کر سکتے ہیں، تمام ذیلی دفاتر کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع سے متعلقہ درخواستیں وصول کرنے کے لئے ہیلپ ڈیسک تشکیل دیں، چیف کمشنر کوموصول ہونے والی تاریخ میں توسیع سے متعلق ایک درخواست کے ذریعے کئی ٹیکس گزاروں کو توسیع دی جا سکے گی بشرطیکہ ٹیکس گزار کا نام، شناختی نمبر، این ٹی این اور حدود کی نشاندھی کے بارے میں بتایا گیا ہو۔

ایف بی آر ترجمان کا کہنا تھا کہ گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کے لئے آن لائن درخواست بھی قابل قبول ہو گی، چیف کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ٹیکس گوشوارے داخل کرنے سے متعلقہ تاریخ میں توسیع کی درخواستوں پر فراخ دلی کا مظاہرہ کریں، زیادہ سے زیادہ تعداد میں متوقع گوشواروں کی روشنی میں IRIS سسٹم کو آسان بنا دیا گیا ہے۔