اسلام آباد دھرنا ، مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگوں کا دھرنے کے خلاف احتجاج

 
0
1134

اسلام آباد نومبر 24(ٹی این ایس) اسلام آباد کے فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت کا دھرنا 1۹ ویں روزمیں داخل ہو چکا ہےاور حکومت تا حال حل ڈھونڈنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔اسی سلسلے میں آج پاکستان پریس کلب کے سامنے مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگوں نے دھرنے کے خلاف احتجاج کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔کئی اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو متبادل راستوں پر ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا ہے، 14 روز سے میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جب کہ فیض آباد اور اطراف کے دکاندار بھی شدید پریشان ہیں ۔مظاہرین کا کہنا تھا اس دھرنے کے باعث ان کی روز مرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے،بچے اوربڑے بروقت اپنے منازل پر جانے سے قاصر ہیں،بوڑھے وبیمار افراد کو ہسپتال پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس دھرنے کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے ۔
اسلام آباد پولیس پہلے ہی فیض آباد کے گرد راستے بند کرچکی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق مری روڈ پر مزید رکاوٹیں لگادی گئ ہیں۔