اسلام آباد دھرنا، حکومت تا حال حل ڈھونڈنے میں ناکام

 
0
539

اسلام آباد نومبر 24(ٹی این ایس) اسلام آباد کے فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت کا دھرنا 1۹ ویں روزمیں داخل اور، حکومت تا حال حل ڈھونڈنے میں ناکام
جبکہ گزشتہ رات اسلام آباد انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ فیض آباد پل کے گرد اسٹریٹ لائٹس اب بند کردی جائیں۔ حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے ہونے والے تمام اجلاس ابھی تک کسی خاطر خواہ نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں اوردونوں فریق اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

جب کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو متبادل راستوں پر ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا ہے، 14 روز سے میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جب کہ فیض آباد اور اطراف کے دکاندار بھی شدید پریشان ہیں
اسکول و کالج جانے والے طلبا و طالبات کو طویل سفر طے کر کے اپنی منزل پر پہنچنا پڑتا ہے، اسی طرح دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین بھی شدید پریشان ہیں۔ دوسری جانب چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جہاں دھرنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیض آباد پل کے گرد اسٹریٹ لائٹس بھی بند کردی جائیں۔
اسلام آباد پولیس پہلے ہی فیض آباد کے گرد راستے بند کرچکی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق مری روڈ پر مزید رکاوٹیں لگادی گئ ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ لوگوں کے سفری مسائل کم کرنے کے لیے ایکسپریس ہائی وے پر ٹریفک کیلیے متبادل راستہ کھولنےپربھی اتفاق کرلیا گیا جبکہ میٹرو بس بھی کھول دی جائے گی۔