مسلم لیگ نون کی حکومت نے عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کئے ہیں،وزیرِ اعظم کا فیصل آباد میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

 
0
263

فیصل آباد ، جنوری 21 (ٹی این ایس):وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کئے ہیں۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کو فیصل آباد میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہاکہ توسیعی منصوبہ ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مقررہ وقت میں مکمل کیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردارادا کرے گا اور اس سے روزگار کے مواقع بھی پیداہوں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اس ائیرپورٹ سے ہفتہ وار ایک سواٹھارہ پروازوں کی آمدرفت ہوتی ہے انہوں نے شہری ہوا بازی کے ادارے کو ائیرپورٹ کی مزید توسیع کی منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ شعبہ ہوا بازی جدید معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے انہوں نے امیدظاہر کی کہ سول ایوی ایشن ملک کی صنعتی ترقی میں قائدانہ کرداردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہرصوبے میں ائیرپورٹ کے توسیعی منصوبے زیرتکمیل ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ملک کے تمام حصوں کو آپس میں منسلک کرنے کیلئے اٹھارہ سو کلومیٹر طویل موٹر ویز کاجال بچھایا ہے ۔