کابل میں انٹرکانٹینینٹل ہوٹل میں دہشت گردوں نے حملہ

 
0
542

 کابل، جنوری 21 (ٹی این ایس): افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ایک انٹرکانٹینینٹل ہوٹل میں دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ انہوں نے مسلح افراد کو ہوٹل کے اندر داخل ہوتے ہوئے دیکھا جبکہ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے بھی حملے کی تصدیق کی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں متعدد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ کئی افراد کو یرغمال بھی بنالیا گیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق ہوٹل کے اندر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا ہے۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد چار ہے اور سیکیورٹی اہلکار ان سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔
افغان خفیہ ایجنسی کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ حملہ آور ہوٹل میں موجود مہمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں جبکہ ہوٹل کی چوتھی منزل پر آگ بھی بھڑک اٹھی ہے۔نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کے عہدے دار نے مزید بتایا کہ ہوٹل کے اندر موجود افراد دوسری منزل میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔