دنیا کی سب سے طویل القامت سعودی اونٹنی کا نام گنیز بک میں شامل

 
0
369

ریاض جنوری 24(ٹی این ایس)سعودی عرب میں جاری کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹول میں تین میٹر قامت والی “اونٹنی” کو گینز بک آف ریکارڈز میں دنیا کی سب سے طویل القامت اونٹنی کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔ سابقہ ریکارڈ 190 سینٹی میٹر کا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق فیسٹول کے ایک نگراں فارس الدلجی نے بتایا کہ اس اونٹنی کی عمر آٹھ برس ہے اور اس کا رنگ زرد ہے۔ اس کے مالک سلطان الرشیدی کا تعلق مملکت کے شہر حائل سے ہے۔الدلجی کے مطابق گینز بک کے حکام سے اس اونٹنی کو دنیا کی سب سے طویل القامت اونٹنی کے طور پر درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ حکام نے ابتدائی طور پر آمادگی کا اظہار کیا اور اب سرکاری طور پر اس کے اندراج پر کام ہو رہا ہے۔الدلجی نے واضح کیا کہ اس اونٹنی کو خریدنے کے لیے 3 لاکھ ریال تک کی پیش کشیں سامنے آئی ہیں۔ البتہ گینز بک میں انداراج کے بعد یہ رقم کئی گنا بڑھ جائے گی۔فارس الدلجی کا کہنا تھا کہ فیسٹول میں دو رنگوں (زرد اور سیاہ) پر مشتمل اونٹ اور نیلی آنکھوں والے اونٹ (جن کو طوارق بولا جاتا ہے) بھی موجود ہیں۔ ان کے علاوہ چینی اونٹ بھی رکھے گئے ہیں جو سخت سردی کے باعث بہت زیادہ بالوں کے حامل ہوتے ہیں۔ فیسٹول میں “کوتاہ ترین” قد کا اونٹ بھی ہے جس کا قد صرف 90 سینٹی میٹر ہے۔الدلجی کے مطابق فیسٹول میں سرخ اور سنہرے رنگ والے اونٹ الشعلاء اور انتہائی سیاہ اونٹ الغرابیہ بھی پائے جاتے ہیں۔