گنے کے مسئلے کا فیصلہ کاشتکاروں کے حق میں آئے گا ، ملز مالکان کو سبسڈی نہیں دی گئی ،گندم کی خریداری کے لیے ٹارگٹ مقرر کیاگیا ہے وزیراعلیٰ سندھ کا دعویٰ 

 
0
368

حیدرآباد،جنوری 24 (ٹی این ایس):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ گنے کے مسئلے کا فیصلہ کاشتکاروں کے حق میں آئے گا ، ملز مالکان کو سبسڈی نہیں دی گئی ، گندم کی خریداری کے لیے ٹارگٹ مقرر کیاگیا ہے جس سے گندم کا بحران پیدا نہیں ہوگا، سیاست عمران خان کا کام نہیں ہے ، ہماری کرکٹ ٹیم کمزور ہوگئی ہے سندھ میں کرکٹ کوچ کی سیٹ پر عمران خان کو ملازمت کی آفر کرتاہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو محمد خان بخاری ہاؤس میں پی پی ضلع ٹنڈو محمد خان کے صدر ایم پی اے سید اعجاز علی شاہ بخاری سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعدمیڈیا سے باگفتگو میں کیا۔وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ایک سوال پر کہا کہ حکومت ماورائے عدالت قتل کی اجازت نہیں دے سکتی ، حکومت سندھ کل بھی جرائم کے خلاف تھی اور آج بھی جرائم کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ میں افسران کو معطل کرنے کے لیے نہیں بلکہ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے آتا ہوں افسران اچھا کام کررہے ہیں ، متعدد اسکیموں پر فوکس ہے ، حیدرآباد ٹنڈو محمد خان روڈ کا کام جاری ہے ، حکومت کے پاس وسائل کی کمی ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے کچھ بھی نہیں کہوں گا کیونکہ وہ بولتے پہلے ہیں سوچتے بعد میں ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان اچھا کرکٹرہے اگر وہ کرکٹ کھیلتا رہتا تو اچھا تھا باقی سیاست ان کا کام نہیں ہے ، ہماری کرکٹ ٹیم کمزور ہوگئی ہے، سندھ میں کرکٹ کوچ کی سیٹ پر عمران خان کو ملازمت کی آفر کرتاہوں تاکہ سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں کی بہترین تربیت ہوسکے ، ٹنڈو محمد خان میں فلٹر پلانٹس سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان میں اگر کوئی فلٹر پلانٹ غیر فعال ہے تو متعلقہ افسران سے انکوائری کروں گا، اس موقع پر صوبائی وزیر امداد پتافی ، جام خان شورو، سید قبول محمد شاہ ، سید سجاد حسین شاہ ، سیڈا چیئرمین نواز چانڈیو، سعید احمد منگنیجو ، جاوید عالم اوڈھو اور دیگر بھی موجود تھے۔