وفاقی، صوبائی حکومتیں ،منتخب نمائندے اورسرکاری حکام عوام کے مسائل کے ذمہ دارہیں،جماعت اسلامی 

 
0
266

حیدرآباد،جنوری 24 (ٹی این ایس):امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادحافظ طاہرمجیدنے کہاہے کہ وفاقی صوبائی حکومتیں ،منتخب نمائندے اورسرکاری حکام عوام کے مسائل کے ذمہ دارہیں، حیدرآبادکی تباہی کے ذمہ دارپی پی اورایم کیوایم دونوں ہیں دونوں نے عوام کوبیوقوف بنانے کے سواکچھ نہیں کیا، اختیارات کورونارویاجارہاہے، کرپشن کرنے کااختیارکس نے دیاہے، ایک بیان میں حافظ طاہر مجید نے کہا کہ تعلیم ،روزگار،صحت ،بجلی ،پانی ،گیس اورپورے شہرکی حالت دگرگوں ہیں اگر عوام کے مسائل حل ہورہے ہوتے تو عدالتوں کونوٹس نہ لیناپڑتے ،ایک مہینے ہوگیاہے شہریوں کوپینے کے قابل پانی دستیاب نہیں ہے ،سیوریج کاپانی سڑکوں پرکھڑاہے نالیاں بہ رہی ہیں، صفائی نام تک کی نہیں ہے ۔بجلی اورگیس کی طویل لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ۔ہسپتالوں کی حالت ابترہے ۔وفاقی حکومت،صوبائی حکومت،ضلعی انتظامیہ ،بلدیہ اورمنتخب نمائندے اپنی تنخواہ ،مراعات کے لیے ایک ہیں اختیارات کاناجائز استعمال ،مالی اورانتظامی کرپشن اوپر سے نیچے تک عام ہے ۔نوجوان اعلیٰ تعلیمی اداروں اور روزگار سے محروم ہیں اس کاذمہ دار کئی عشروں سے مسلط افرادہیں جنھیں مظلوم بننے کاشوق ہے مگر شہریوں کے مسائل سے دلچسپی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حیدرآبادکے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں کرتی آرہی ہے مسائل کی نشاندہی کی ہے اوران کے حل کی طرف توجہ دلائی ہے ۔اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہدکرتی رہے گی۔