صوبے کے طلباء کے ساتھ نہ انصافی نہیں ہونے دیں گے ،وزیر اعلی بلوچستان 

 
0
7121

کوئٹہ جنوری 26(ٹی این ایس)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلباء کے ساتھ رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے واقعات قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت اور یونیورسٹی انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں کابینہ کمیٹی قائم کردی ہے جو فوری طور پر لاہور کا دورہ کر کے متاثرہ طلباء سے ملاقات کرئیگی اور ان سے واقعہ کی تفصیلات اور حقائق معلوم کریگی بعدازاں کمیٹی پنجاب کے حکام اور یونیورسٹی انتظامیہ سے ملاقات کر کے انہیں واقعہ پر بلوچستان کے عوام اور حکومت کی تشویش سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے طلباء سے امتیازی سلوک کے خاتمے اور واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ صبروتحمل کا مظاہرہ کریں۔ صوبائی حکومت ان کے ساتھ ہے اور ان سے کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔