سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان عنقریب برطانیہ کا دورہ کریں گے

 
0
1157

لندن جنوری 30(ٹی این ایس )برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہاہے کہ ان کا سعودی عرب کا دورہ عظیم اہمیت کا حامل ہے۔ عرب ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ساتھ اپنی بات چیت کو “شان دار” قرار دیا۔ جانسن نے باور کرایا کہ برطانیہ کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں جن کی عمر سو برس سے زیادہ ہے۔بورس جانسن کے مطابق وہ امید کرتے ہیں کہ سعودی ولی عہد عنقریب برطانیہ کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بنیاد مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز اور سابق برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کے زمانے میں رکھی گئی۔جانسن نے سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی چیلنجوں کا بھی ذکر کیا جنہوں نے ایران کی جانب سے یمن میں حوثی ملیشیا کی عسکری سپورٹ کے نتیجے میں جنم لیا۔ انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی سمت داغے جانے والے میزائل ایران سے آتے ہیں۔