عاصمہ رانی قتل کیس ٗخیبرپختونخوا پولیس کو ملزم کی دھمکیوں کا علم تھا ٗ بہن

 
0
314

کوہاٹ جنوری 31(ٹی این ایس)کوہاٹ میں قتل کی جانے والی عاصمہ رانی کی بڑی بہن صفیہ نے چیف جسٹس ثاقب نثار اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کردی۔مقتولہ عاصمہ کی بڑی بہن صفیہ رانی نے کہاکہ کہ ان کی بہن عاصمہ رانی کو ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا۔انہوں نے کہاکہ مجاہد آفریدی نے پہلے سے ہی سعودی عرب کا ویزہ حاصل کر رکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما آفتاب عالم کو علم تھا کہ اس کا بھتیجا دھمکیاں دے رہا ہے۔صفیہ رانی نے کہا کہ مجاہد آفریدی نے پہلے بھی عاصمہ کو راستے میں روکا اور پرس چھینا تھا ٗوالدہ نے عاصمہ کو ملنے والی قتل کی دھمکیوں سے پولیس کو آگاہ کیا تھا۔عاصمہ کی بہن نے کہا کہ پولیس نے ملزم کے فرار ہونے تک رپورٹ تک درج نہیں کی ٗملزم پی ٹی آئی کے رہنما کا بھتیجا اور ارب پتی ہے اس لیے پولیس نے نہیں پکڑا۔صفیہ رانی نے کہا کہ قاتل کو کٹہرے میں نہ لایا گیا تو ذمہ دار خیبرپختونخوا حکومت ہوگی۔28 جنوری کو کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کو رشتہ نہ دینے پر مجاہد اللہ آفریدی نامی شخص نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس سے لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا